کراچی :(دنیا نیوز) سندھ حکومت نے صوبے بھر کے کسانوں کے لیے بینظیر ہاری کارڈ کی آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کردیا۔
سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر نے بینظیر ہاری کارڈ کی آن لائن رجسٹریشن اور زرعی میلے کا افتتاح کردیا،سندھ حکومت نے ہاریوں کی رجسٹریشن کے لیے نئی ویب سائٹ اور ایپ تیار کرلی ہے۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ اب 15 لاکھ ہاری خود بینظیر ہاری کارڈ کی آن لائن رجسٹریشن کرسکیں گے، بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کسانوں کو سبسڈی ملے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ
اس سے قبل ہاری کارڈ کے اجرا کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ 25 ایکڑ سے زیادہ بڑے آبادگاروں کو بھی ہاری کارڈ دیا جائے گا، رجسٹرڈ کاشت کاروں میں 72 فیصد ایک سے ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین کے مالکان ہیں، بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کاشت کاروں کو فوری نقد امداد اور آسان شرائط پر قرضے ملیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کاشت کاروں کو فوری نقد امداد، نرم شرائط پر قرضے ملیں گے ،جبکہ معیاری بیجوں، کھاد اور گندم کی سرکاری خریداری میں کارڈ ہولڈرز کو ترجیح دی جائے گی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ ساڑھے 12 ایکڑ والے کاشتکاروں کو ایک سے 2 ہزار روپے فی ایکڑ اور 25 ایکڑ سے زیادہ والے ہاریوں کو 500 سے 1000 روپے فی ایکڑ مالی امداد دی جائےگی، ہاری کارڈ تعلقہ سطح پر اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی جاری کرے گی۔