اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بینچ میں مزید 5 ججز کا اضافہ کر دیا گیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کے زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں آئینی بینچ میں ججوں کے اضافے پر غور کیا گیا، جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ میں آئینی بینچ میں مزید پانچ ججوں کے اضافے کی منظوری دے دی۔
جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس عامر فاروق، جسٹس شکیل احمد، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس صلاح الدین پنہور آئینی بینچ کا حصہ بن گئے، سپریم کورٹ آئینی بینچ میں کل ججز کی تعداد 13 ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق آئینی بینچ میں مزید پانچ ججز کو شامل کرنے کی منظوری اکثریت سے دی گئی، جسٹس منیب اختر، جسٹس منصور علی شاہ نے مخالفت کی، پی ٹی آئی کے دو ممبران علی ظفر اور بیرسٹر گوہر نے بھی مخالفت کی۔
چاروں ممبران نے رائے دی کہ سپریم کورٹ کے تمام ججز کو آئینی بینچ میں شامل کیا جائے، آئینی بینچ میں مزید 5 نام شامل کرنے کی رائے آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین نے دی۔
ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کیلئے تین مزید ججز نامزد کر دیئے گئے، جسٹس ریاضت سحر، جسٹس نثار احمد بھمبھرو، جسٹس عبدالحامد سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کا حصہ ہوں گے۔