چیف جسٹس سے اپوزیشن وفد کی ملاقات،پی ٹی آئی کے شکوے شکایتیں

Published On 21 February,2025 02:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے اپوزیشن کے 5 ارکان نے ملاقات کی جس میں پی ٹی آئی نے شکوے شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن ارکان کی ملاقات چیف جسٹس کے گھر پر ہوئی ، اپوزیشن ارکان کی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی، اپوزیشن ارکان کی ملاقات کا باقاعدہ اعلامیہ کچھ دیر بعد جاری کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن وفد سے پہلے گزشتہ دنوں وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی وفد بھی ملاقات کرچکا ہے۔ 

چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم نے آج چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کی اور مسائل کے حوالے سے انہیں تفصیلی آگاہ کیا،ہم نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی انکی اہلیہ سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی،ہم نے انہیں بتایا کہ آپ کے کورٹ آرڈرز کو نہیں مانا جا رہا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملاقات چیف جسٹس کی درخواست پر کی گئی جس میں چیف جسٹس نے عدالتی ریفارمز کے حوالے سے ہم سے دس نکاتی ایجنڈا شیئر کیا، ہم اپنے تجاویز چیف جسٹس آف پاکستان کو دینگے ، ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کے بارے میں بات ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کو ڈاکٹر اور بچوں کے ساتھ ٹیلیفون کی رسائی پر بھی بات ہوئی، ہم نے پی ٹی آئی لیڈران اور کارکنان پر ایف آئی آرز کی بھی بات کی۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بولے کہ ہمیں چیف جسٹس پاکستان نے ملاقات کی دعوت دی، ملاقات سے پہلے 3 باربانی پی ٹی آئی سے اجازت لی،ہم بانی پی ٹی آئی کی اجازت کے بعد ملاقات کیلئےآئے،بانی نے کہا تھا ملٹری کورٹ کے حوالے سے بھی بات کرنا،چیف جسٹس پاکستان کوانصاف کےفراہمی میں حائل مسائل بتائے ۔

چیف جسٹس سے بڑی طویل میٹنگ ہوئی ہے، ہمارے ہر رکن نے میٹنگ میں اپنی بات کی، چیف جسٹس نے اس بات کو سراہا کہ ہمارے وفد میں ٹاپ کے وکلاء موجود تھے ، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سےملاقات میں اپناموقف رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چیف جسٹس کو بتایا ہے کہ ہمارے وکلاء حضرات کو ڈرانے کیلئے سب کے اوپر متعدد ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں ،وکلاء پر دہشتگردی کے مقدمات درج ہیں ،پنجاب میں پولیس گردی اور ریاستی دہشتگردی ہو رہی ہے ، ہمارے ورکرز کو جعلی ایف آئی آرز میں اندررکھاہواہے،وکلا کوجوملاقات کہ اتھارٹی ہوتی ہےوہ نہیں دی جاتی، سلمان اکرم نےلاپتہ افراد کامعاملہ چیف جسٹس کےسامنےرکھا۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ چیف جسٹس کو بتایا کہ ملک میں انسانی حقوق عملا" ختم ہو چکے ہیں اور اس وقت پورے نظام عدل کو مذاق بنادیا گیا ہے، ہم نے بتایا کہ نظام عدل کو ایک آلہ کار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، اگر اس کا نوٹس نہ لیا گیا تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔