سی ٹی ڈی کی کارروائی، لاہور کو بڑی تباہی سے بچا لیا

Published On 01 March,2025 10:07 am

لاہور: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے لاہور کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

سی ٹی ڈی پنجاب نے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کےد وران لاہور سے 2 فتنہ الخوارج سمیت پنجاب کےمختلف شہروں سے 20 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 162 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، کارروائیاں لاہور ، فیصل آباد ، خانیوال، بہاول نگر ، راولپنڈی ، چنیوٹ، میانوالی ، ساہیوال ، شیخوپورہ ، سیالکوٹ، بہاولپور اور حافظ آباد میں کی گئیں۔

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں میں لاہور سے فتنہ الخوارج کے دو جبکہ راولپنڈی سے خطرناک دہشت گرد منموہن سنگھ کو گرفتار کیا گیا، منموہن سنگھ کا تعلق رحیم یار خان سے ہے ۔

ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، 3 آئی ای ڈی بم ، 23 ڈیٹونیٹرز ،61 فٹ حفاظتی فیوز تار ، متنازع پمفلٹس نقدی اور موبائل فون برآمد ہوئے، دہشت گردوں کی شناخت صالح رضا ، محمد ریاض ، ابوبکر ، بوال خان، محمد یونس ، عثمان اور منموہن سنگھ وغیرہ کے نام سے ہوئی۔

حکام کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ رواں ہفتے میں 2231 کومبنگ آپریشنز کے دوران495 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ، کومبنگ آپریشنز میں 87 ہزار 565 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ۔