مولانا حامد الحق کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت، سکیورٹی کے سخت انتظامات

Published On 01 March,2025 12:08 pm

نوشہرہ: (دنیا نیوز) جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں نماز جمعہ کے بعد خودکش دھماکے میں شہید ہونیوالےمولانا حامد الحق سمیت دیگر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق کی نماز جنازہ ان کے صاحبزادے مولانا عبد الحق ثانی نے پڑھائی ، نماز جنازہ میں افغان قونصلر سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مولانا حامد الحق کو ان کے مرحوم والد مولانا سمیع الحق کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔

اس موقع پردارالعلوم حقانیہ اکوڑہ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، مدرسہ کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ دارالعلوم میں داخلی دروازوں پر سکینرز نصب کئے گئے تھے جبکہ اکوڑہ خٹک کی مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نوشہرہ: دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خودکش حملے کا مقدمہ درج

اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید نے نوشہرہ کا دورہ کیا اور دھماکے میں شہید ہونے والے نائب مہتم دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک مولانا حامد الحق کے جنازے کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور مناسب ہدایات جاری کیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ مدرسہ حقانیہ جیسے مقدس مقام پر حملہ ملک دُشمن عناصر کا انتہائی بُزدلانہ اقدام ہے، مدرسہ حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامدالحق و دیگر کی شہادت قوم کیلئے ایک بڑا صدمہ ہے۔