نومئی مقدمات: شاہ محمود سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پرترمیمی فرد جرم عائد

Published On 03 March,2025 04:37 pm

لاہور:(دنیا نیوز ) انسداد دہشت گردی عدالت نے نومئی جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے تین مقدمات میں شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر ترمیمی فرد جرم عائد کردی گئی۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کی سماعت کی، ملزموں نے ترمیمی فرد جرم کی صحت جرم سے انکار کیا۔

عدالت نے تینوں مقدمات میں ملزموں پر ترمیمی فرد جرم عائد کی ہے، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر پر دوبارہ فرد جرم عائد کی گئی، شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر زیر حراست ملزموں کی حاضری مکمل کی گئی۔

عدالت میں عالیہ حمزہ ،صنم جاوید اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر ملزم پیش ہوئے، عدالت نے 6 مارچ کو گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا۔

دوسری جانب پراسیکویشن نے تمام دفعات کے مطابق فرد جرم میں ترمیم کی استدعا کی تھی، عدالت نے پراسکیوشن کو فرد جرم میں ترمیم کی اجازت دی تھی۔

واضح رہے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر بغاوت اور کارکنان کو فسادات پر اُکسانے کے الزام پر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔