مخصوص نشستیں ہمارا حق، الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہوگیا: بیرسٹر گوہر

Published On 04 March,2025 11:13 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہوگیا، مخصوص نشستیں ہمارا حق ہے۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کیلئے بھی الیکشن کمیشن نے ہمارا آرڈر روکا ہوا ہے، سپریم کورٹ نے ہمارے حق میں آرڈر دیا تھا، الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن جاری کرے۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستیں ہمارا حق ہے اور ہمیں ہی ملنی چاہئیں، خیبرپختونخوا میں سینیٹ کا الیکشن نامکمل ہے، خیبرپختونخوا سینیٹ کا الیکشن بھی ہر صورت ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہوگیا ہے، الیکشن کمیشن کو احساس کرنا چاہیے، ایک سال ہوگیا یہ مکمل ہونا چاہیے، ہمارے بعد انٹرا پارٹی الیکشن کرانے والی جماعتوں کو سرٹیفکیٹ ملے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 25 جنوری کو چیف الیکشن کمشنر، ممبر پنجاب اور ممبربلوچستان ریٹائرڈ ہو چکے ہیں، آئین کے مطابق ان کا تعین 45 دن کے اندر ہونا چاہیے، اس کیلئے پارلیمنٹری کمیٹی بننی چاہیے، ہم نے سپیکر صاحب سے بھی درخواست کی ہے کہ آپ کمیٹی بنائیں، یہ پراسیس مکمل ہونا چاہیے، یہ آئینی تقاضا ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت نے ابھی تک یہ پراسیس شروع نہیں کیا، سپیکر صاحب کی طرف سے ابھی تک کمیٹی نہیں بنی، ہماری طرف سے نام تیار ہیں، جیسے ہی کمیٹی بنے گی پراسیس شروع کریں گے۔