ہماری ہمیشہ مفاہمتی پالیسی رہی، ایک پارٹی کے خمیر میں اخلاقی روایات نہیں: عرفان صدیقی

Published On 07 March,2025 01:47 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ہماری ہمیشہ سے مفاہمت کی پالیسی رہی ہے، ایک پارٹی کے خمیر کے اندر پارلیمانی جمہوری اور اخلاقی روایات نہیں ہیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسی جماعت ہے جس کا پارلیمنٹ میں دم گھٹتا ہے، وہ سیاسی روایات پر یقین نہیں رکھتے، سٹریٹ پاور پر یقین رکھتے ہیں جو اب ان کے ہاتھ میں نہیں ہے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ ہمارے 80 ہزار لوگ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں، پاکستان سے زیادہ کسی نے دہشتگردی کا سامنا کیا نہ اتنی قربانیاں دیں نہ تعاقب کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حملوں میں ملوث ایک دہشتگرد پکڑا اور امریکہ کے حوالے کیا، اسے ٹرمپ نے سراہا ہے، یہ ہمارے لئے اچھا اشارہ ہے، امریکا جو اسلحہ افغانستان چھوڑ کر چلا گیا تھا وہ اسلحہ دہشتگردی کیلئے بھی استعمال ہورہا ہے۔