صوبوں کی حمایت ضروری، کوشش ہے پاکستان ٹریلین ڈالر معیشت بن جائے: احسن اقبال

Published On 12 March,2025 05:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان 2035 تک 1 ٹریلین ڈالر کی معیشت بن سکے، ہمیں تمام صوبائی حکومتوں کی مکمل حمایت کی ضرورت ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت محدود شعبوں میں کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے، اب زیادہ شعبے صوبائی حکومتوں کے پاس ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایک مشترک فریم ورک تیار کریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ اُمید کرتا ہوں پاکستان کے ہر صوبے کی اُڑان بھی یقینی بنے گی، جب تک صوبے اُڑان نہیں بھریں گے ہماری اُڑان ممکن نہیں، وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے مل کر سنجیدگی سے کام کریں، ایسا نہ ہو مسائل وسائل پر حاوی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آبادی کی شرح کو نہ روکا توہم 2047 تک 40 کروڑ کی آبادی بن جائیں گے، آج ہمارے لیے اربن سینٹرز چیلنج بن گئے ہیں، بیماریاں بڑھ گئی ہیں، ہمیں کئی پروگرامز میں صوبوں کا تعاون درکار ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو ایک ایکسپورٹس لیٹ معیشت بننا ہے، ہر صوبے کے پاس ایکسپورٹ میں دینے کیلئے بہت کچھ ہے، خیبرپختونخوا سیاحت کے لحاظ سے ایشیا کا سوئٹزر لینڈ بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا تاریخی طور پر خطے میں گیٹ وے ہے، سلک روڈ سے لیکر اکنامک کوریڈور تک تجارت کیلئے اہم رہا ہے، اُڑان پاکستان کے پروگرامز میں مشاورتی لائحہ عمل اختیار کریں گے، یہ دور مضبوط معیشت کا دور ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے سیاسی ایڈریس جدا ہوسکتے ہیں لیکن ڈاکخانہ پاکستان ہے، پاکستان کی خوشحالی کے ساتھ ہی ہمارا بہتر مستقبل جڑا ہوا ہے۔