دانش یونیورسٹی کیلئے 100 ایکڑ رقبہ مختص، ادارہ ملک کا نام روشن کرے گا: وزیراعظم

Published On 15 March,2025 11:51 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی کیلئے 100 ایکڑ رقبہ مختص کیا گیا ہے، دانش یونیورسٹی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرے گی۔

اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کی سائٹ ریویو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرے اور سب کیلئے یہ انتہائی خوشی کا موقع ہے،یونیورسٹی میں بہترین تعلیم، اساتذہ اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹرز ہوں گے،دانش یونیورسٹی کا مرکزی نکتہ اپلائیڈ سائنسز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست 2026 کو اس یونیورسٹی کا پہلا سیکشن فعال ہوجائے گا، یونیورسٹی میں مستحق اور لائق طلبہ کو تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا، دانش یونیورسٹی پی کے ایل آئی کی طرز پر کام کرے گی، دانش یونیورسٹی میں صرف میرٹ پر داخلہ ملے گا، دانش یونیورسٹی میں غریب بچوں اور بچیوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلامو فوبیا کی لہر کو ختم کرنے کیلئے مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے: وزیراعظم

محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں تعلیم کیلئے کام نہ کیا تو سبز ہلالی پرچم اپنے مقام پر نہیں پہنچے گا، پاکستان میں بہت اچھی اور شاندار درسگاہیں موجود ہیں لیکن تحقیق اور ماڈرن سائنسز کے حوالے سےملک میں ایسی درسگاہ موجود نہیں،نوجوانوں کو تعلیم کے مواقع کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹی 190 ملین پاؤنڈز سے بنائی جارہی ہے، یہ وہی رقم ہے جو برطانیہ سے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی، میں کسی سیاسی گفتگو میں نہیں الجھنا چاہتا، سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا معلوم نہیں یہ رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں کیسے منتقل ہوئی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا شکر گزار ہوں ، انہوں نے کہا سپریم کورٹ کا اس رقم سے کوئی لینا دینا نہیں، سابق چیف جسٹس نے کہا یہ پیسہ حکومت پاکستان کا ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا بھی شکر گزار ہوں انہوں نے یہ پیسہ قومی خزانے میں منتقل کیا۔

حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے: خالد مقبول صدیقی

قبل ازیں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتار دنیا میں سب کچھ بدل چکا ہے، حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے، دانش یونیورسٹی کا قیام تعلیم کے فروغ کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دانش سکولز کا قیام پہلے ہی عمل میں لایا جارہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے پہلے بطور وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں دانش سکول کی بنیاد رکھی اب بطور وزیراعظم پورے ملک کیلئے دانش یونیورسٹی کا قیام عمل میں لارہے ہیں۔

نوجوان دانش یونیورسٹی سے مستفید ہوں گے: احسن اقبال

دریں اثناء وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ دانش یونیورسٹی کا دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں کے ساتھ تعلق قائم کیا جائے گا، نوجوان دانش یونیورسٹی سے مستفید ہوں گے، شہباز شریف نے دانش سکول کا ماڈل پنجاب میں متعارف کرایا، غریب بچوں کو اعلیٰ تعلیم دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو نالج اکانومی بنانے جارہے ہیں، دانش یونیورسٹی کو جدید خطوط پر استوار کریں گے،یہ ادارہ اس 190 ملین پاؤنڈ سے تعمیر کیا جارہا ہے جو عوام کا پیسہ تھا،یہ وہی پیسہ ہے جو این سی اے برطانیہ نے پاکستان کو دیا تھا،ماضی کی حکومت نے اس پیسے کا غلط استعمال کیاتھا، دانش یونیورسٹی پاکستان کو بہترین افرادی قوت فراہم کرنے میں کردار ادا کرےگی۔