قلات میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پنجاب کے 4 مزدورجاں بحق

Published On 22 March,2025 08:32 pm

قلات :(دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگچر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگچر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 مزدور جاں بحق ہوگئے، مزدور ٹیوب ویل پر کام کر رہے تھے، فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے مزدوروں کا تعلق پنجاب سے ہے۔

ذرائع کے مطابق  جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں 3 کا تعلق صادق آباد اور 1 کا تعلق رحیم یارخان سے ہے، جاں بحق ہونے والے مزدور صادق آباد سے خضدار میں بورنگ کا کام کرنے کے لیے گئے تھے جن کی شناخت منور ،ذیشان، امین ،اور دلاور کے نام سے ہوئی۔

دوسری جانب ورثا کا کہنا  تھا کہ  جاں بحق ہونے والے مزدورں کی لاشیں کوئٹہ کے ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں مقتولوں کی اطلاع ملنے کے بعد ان کے آبائی علاقے کی فضاء سوگوار ہو گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بی ایل اے کے دہشت گردوں نے کوئٹہ سے پنجاب اور سندھ جانیوالی جعفر ایکسپریس پر بھی حملہ کیا تھا، جس میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔