کراچی: واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق میاں بیوی اور نومولود کی نماز جنازہ ادا

Published On 25 March,2025 12:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملیر ہالٹ پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے میاں بیوی اور نومولود بچے کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

نماز جنازہ شاہ فیصل کالونی کے علاقے ناتھا گوٹھ کی مرکزی جامع مسجد میں ادا کی گئی، جس میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق سمیت بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، ماں باپ اور نومولود کے جنازے ایک ساتھ دیکھ کر لوگ خود پر قابو نہ رکھ سکے، کئی افراد زارو قطار روتے رہے، ہر طرف سوگ کا سماں تھا۔

شہریوں نے ٹریفک حادثات پر قابو پانے میں مسلسل ناکامی پر سندھ حکومت کیخلاف اپنے شدید غم و غصے کا بھی اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں شوہر اور حاملہ بیوی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ حادثے کے دوران بچے کی ولادت ہوئی، لیکن وہ بھی دم توڑ گیا۔