کراچی: بھتیجے اور کزن کی فائرنگ سے 60 سالہ چوکیدار قتل

Published On 24 March,2025 03:24 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں چوکیدار کو اس کے بھتیجے اور کزن نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

واقعہ منگھوپیر تھانے کے علاقے محمد خان کالونی گلشن چوک کے قریب ویئر ہاؤس میں پیش آیا، گولیاں لگنے سے 60 سالہ عزیز موقع پر دم توڑ گیا جس کی لاش کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول عزیز احمد نجی ویئر ہاؤس میں چوکیدار تھا جس کو اسکے بھتیجے اور کزن جن کے نام معشوق ولد رحمت اور نیاز ولد حاجی حاکم ہیں نے ملکر فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنے کے بعد واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے، پولیس جلد ملزمان تک پہنچ جائے گی۔