خیرپور: (دنیا نیوز) خیرپور میں سینئر ایڈووکیٹ لیاقت علی پھلپوٹو کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق لیاقت علی پھلپوٹو ایڈووکیٹ کو گزشتہ رات نامعلوم افراد نے گھر پر فائرنگ کر کے قتل کیا، مقتول کی نعش خیرپور شہر کے سائدہ گوٹھ محلے میں کمرے سے ملی جسے پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقتول ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی لیاقت علی پھلپوٹو سانگھڑ میں تعینات تھے، خیرپور میں اپنے گھر آنے کے بعد نامعلوم افراد قتل کر کے فرار ہوگئے، مقتول کے جسم پر گولیوں کے نشانات موجود ہیں۔
ایس ایس پی توحید الرحمان میمن کے مطابق مقتول لیاقت علی کے قتل کے واقعے کی انکوائری کی جا رہی ہے، جدید سائنسی ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کی کھوج لگائیں گے، ماہرین کی ٹیم لاڑکانہ سے خیرپور پہنچ کر واقعے کی انکوائری میں مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔