اسلام آباد : (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں ڈمپر الٹنے سے کئی مسافر رکشہ دب گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
افسوسناک ٹریفک حادثہ اسلام آباد راولپندی کے سنگم آئی جے پی روڈ پر پیش آیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے اور پولیس وہاں پہنچ گئے اور لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب ریت سے بھرا ڈمپر ٹائر پھٹنے کے باعث بے قابو ہو کر رکشے پر جا گرا، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار مسافر ڈمپر کے نیچے دب گئے۔
حادثے میں مجموعی طور پر 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 3 مرد اور ایک لڑکی شامل ہے جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی سی اسلام آباد کے مطابق فرار ہونے والے ڈمپر ڈرائیور کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا جبکہ سی ٹی او نے بتایا کہ ڈمپر کو ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ہے۔