پیپلز پارٹی کا متنازع 6 کینالز منصوبے کیخلاف احتجاج کے دوسرے مرحلے کا اعلان

Published On 01 April,2025 07:34 pm

کراچی :(دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے متنازع 6 کینالوں کے منصوبے کے خلاف احتجاج کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا۔

کراچی سے جاری بیان میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ کل سندھ بھر میں احتجاجی مشعل بردار ریلیاں نکالی جائیں گی، سندھ بھر کی تحصیل سطح کی تنظیمیں عوامی قوت کے ساتھ مشعل بردار ریلیاں نکالیں، پانی کا مسئلہ ایک دن کے احتجاج کرنے سے حل نہیں ہو گا، کینالز کے مسئلے پر مسلسل احتجاج کر کے دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی کا مسئلہ سندھ کے مستقبل اور زندگی کا سوال ہے، 6 کینالوں کا منصوبہ سندھ کے نقصان میں ہے سندھ کے لوگوں کو یہ منصوبہ قبول نہیں ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کینالوں کے خلاف پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کا احتجاج اپنے حق کے لیے ہے، ہماری پارٹی کینالوں کے خلاف احتجاج جاری رکھ کر اپنا جمہوری حق استعمال کرتی رہے گی۔

صدر پیپلزپارٹی سندھ کا کہنا تھا کہ جب تک 6 کینالوں کے منصوبے سے دستبرداری کا اعلان نہیں ہوگا احتجاجی تحریک جاری رہے گی، کینال منصوبے کے خلاف سب مل کر جدوجہد کر کے سندھ کی حفاظت کریں گے، سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالا گیا تو مزاحمت کریں گے۔