سوات میں نامعلوم وجوہات پرآگ بھڑک اٹھی، 7 گھر خاکستر،8 کو بچا لیا گیا

Published On 22 March,2025 07:37 pm

سوات:(دنیا نیوز) خیبر پختونخواکے علاقے سوات کے علاقے بحرین میں نامعلوم وجوہات کے باعث ایک گھر میں لگی آگ نے تیزی سے پھیلتے ہوئے متعدد گھروں کو لپیٹ میں لے لیا۔

ریسکیو1122 کے مطابق بحرین، آئن ڈپو خان آباد میں آتشزدگی سے 7 گھر خاکستر، 8 گھروں کو بچا لیا گیا، الیکٹرک شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

آگ کے باعث کروڑوں روپے کا مالی نقصان ہوا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، کنٹرول روم سوات کو اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد سعد کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہوئیں۔

ریسکیو حکام کا مزید کہنا تھا کہ سڑک نہ ہونے کے باعث فائر وہیکلز موقع پر نہ پہنچ سکیں، جس پر ریسکیو 1122 کے جوانوں نے پیدل پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور مقامی افراد کے ساتھ مل کر کئی گھنٹوں کی مشترکہ جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔