اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس کسی افغان مہاجر کو زبردستی نہیں نکالے گی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا کہ افغان مہاجرین کے حوالے سے ہمارا واضح مؤقف ہے، افغان مہاجرین کو زبردستی افغانستان بھیجنے کی پالیسی کے خلاف ہیں، جو افغانستان جانا چاہتے ہیں انہیں عزت سے بھیجیں گے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں ملک میں جاری دہشت گردی کا واحد حل مذاکرات ہیں، بانی پی ٹی آئی نے مجھے مذاکرات سے متعلق کوئی ٹاسک نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ میری بانی پی ٹی آئی کے ساتھ دو ماہ بعد ملاقات ہوئی ہے، عدالتی آرڈر کے باوجود میری ملاقات نہیں ہونے دی گئی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا اگر کوئی مذاکرات سے راستہ نکلتا ہے تو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی مذاکرات کی بات پاکستان کے لیے کر رہا ہے، بانی پی ٹی آئی ڈیل نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ گیارہ ماہ سے صوبے کو ادائیگی نہیں ہو رہی، ہم اپنے ریونیو سے صوبے کو چلا رہے ہیں، اقتدار میں آنے کے بعد 30 ارب روپے سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کو دیئے۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم نے صوبائی ایکشن پلان پر کام شروع کیا ہوا ہے، مجھے وزیراعظم شہباز شریف اور وزرا کے بیانات پر افسوس ہے۔