سیالکوٹ: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سیاست دان سیاسی اختلافات حل کرتے ہیں، کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ مہنگائی کی شرح کم ہوکر ڈیڑھ فیصد پر آ جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کل امریکہ کی سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی جبکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج ایک لاکھ 20 ہزار کا ہندسہ عبور کر گئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیب کترا تھا، میں اسمبلی میں اس کے ساتھیوں سے کہتا تھا کہ اس کی جیب سے پیسے نہ نکل آئے تو معافی مانگ لوں گا، بانی اب کہتا ہے جب تک مجھے نہیں لے کر جائیں گے تب تک میری پارٹی میٹنگ میں شامل نہیں ہو گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پرسوں صارفین کو 16 سے 17 فیصد بجلی پر رعایت دی گئی ہے،مریم نواز پنجاب کو دن رات چار چاند لگا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ میں اس ضلع کی صورتحال تبدیل ہو جائے گی، جون تک سیالکوٹ کھاریاں موٹروے شروع ہو جائے گی، سیالکوٹ میں رنگ روڈ زیر تعمیر ہے، نوازشریف جب بھی آئے گا ترقی کے دور کا آغاز ہوگا، ہمارے ساتھی اپنی لیڈر شپ کے زیر قیادت کام کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کے پی اور بلوچستان دہشت گردی کی زد میں ہیں، پاک افواج قربانیاں دے کر ملک کی حفاظت کر رہی ہیں، میں بھی قید میں تھا لیکن اب تو ملاقاتیں اور پریس کانفرنسز ہو رہی ہیں، ترقی کا سفر اب اس ملک میں جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے گزشتہ ایک سال کے اندر ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے، آئی ایم ایف بھی اس ملک کی ترقی کی معترف ہے، یہ امریکہ کو کہتے تھے کہ بیانات دے اس نے بھی بیان نہیں دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نوبل پرائز ملنے کا کہتے ہیں لیکن فی الحال تو 14 سال قید ملی ہے، ہمیں قید میں لنگر ملتا تھا اسے ہر طرح کا کھانا میسر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اوورسیز پاکستانیوں کو کہتے تھے پیسے نہ بھیجیں، یہ بھی چال ان کی ناکام ہوئی، ریکارڈ پیسہ باہر سے اس ملک میں آیا ہے، سٹاک ایکسچینج اور ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا ہے۔