پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ تمام کارکن و رہنما ایک پیج پر اکٹھے ہو کر بانی کی رہائی کیلئے کوشش کریں۔
احتجاجی کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر نے کہا کہ ورکرز علی امین گنڈاپور، اسد قیصر یا میرے ساتھ جڑے نہیں، وہ بانی چیئرمین کے ساتھ ہیں، میرا اور وزیراعلیٰ کا اختلاف تھا لیکن بانی چیئرمین نے کال دی تو اکٹھے ہوگئے۔
جنید اکبر نے کہا کہ اگلے ہفتے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں احتجاج کرینگے، دوسری پارٹیوں میں سیاسی نوکر ہوتے ہیں، پی ٹی آئی میں سیاسی ورکر ہیں، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کی کوئی بات نہیں، انہیں بانی چیئرمین نے وزیر اعلیٰ بنایا ہے۔
صوبائی صدر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم مسلسل حالت جنگ میں ہیں، وفاقی قیادت روزانہ عدالتوں کے چکر میں ہیں، میں وزیراعلیٰ کے وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے پر تبصرہ نہیں کرونگا ،اللہ تعالیٰ کو پتہ ہوگا کہ کیا کررہے ہیں۔
جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی کی سینئر قیادت نے وزیراعلیٰ کے میڈیا بیانات پر نوٹس لیا ہے، دونوں فریقین کو صبر و تحمل کا کہا گیا ہے، سیاسی کمیٹی معاملے کو جلد حل کرلے گی۔