فیملی نہ پہنچی، اڈیالہ جیل میں بانی سے ملاقات کا وقت ختم ہو گیا

Published On 10 April,2025 05:31 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کا دن، بانی سے ملاقات کا وقت ختم ہو گیا، فیملی تاحال ملاقات کے لئے اڈیالہ جیل نہ پہنچی۔

بانی پی ٹی آئی کی فیملی اے ٹی سی راولپنڈی سے ملاقات کی اجازت لینے کے باوجود ملاقات کے لئے نہ پہنچی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب، نیاز اللہ نیازی کو بھی ملاقات کی اجازت نہ ملی، صاحبزادہ حامد رضا، علامہ راجہ ناصر عباس، ملک احمد خان بھچر گورکھپور ناکہ سے آگے نہ جا سکے۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے فوکل پرسن نے کل دو لسٹیں مرتب کرکے جیل انتظامیہ کو بھجوائی تھیں۔

دوسری جانب فوکل پرسن بانی پی ٹی آئی نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا، فیصلے کے مطابق فہرست کے تحت ملاقاتیں کرائی جائیں لیکن ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پانچ رہنماؤں نے بانی سے ملاقات کرنی تھی، ہم ساڑھے 12 بجے پہنچ گئے تھے، علامہ راجہ ناصر عباس، احمد بھچر اور حامد رضا کو چوکی انچارج نے اڈیالہ جیل آنے سے روک دیا۔

نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے آج ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا تھا، خیبر پختونخوا کے مائنز اینڈ منرلز بل کے حوالے سے ہدایت لینا تھیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی ملاقات کے حوالے سے اے ٹی سی نے بھی حکم دیا لیکن ملاقات نہیں کرائی گئی، پاکستان بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے ہمارے اختلافات ختم ہوجائیں گے۔