سینیٹر عرفان صدیقی نے امریکی وفد کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تردید کردی

Published On 10 April,2025 07:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر عرفان صدیقی نے امریکی وفد کی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تردید کر دی۔

سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ امریکی وفد کی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ میں اس کی تردید کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کسی فرد سے نہیں ملنا چاہتے تو حکومت کیا کرے؟ جس سے ملنا ہوتا ہے، اس سے ان کی ملاقات ہو جاتی ہے، نواز شریف نے 2024 کے انتخابات سے پہلے ہی وزیر اعظم نہ بننے کا فیصلہ کر لیا تھا، آئندہ انتخابات میں وہ کیا فیصلہ کریں گے، اس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ تاریخ گواہ ہے بانی پی ٹی آئی سے جتنی ملاقاتیں ہو رہی ہیں، اتنی آج تک کسی کی نہیں ہوئیں، پی ٹی آئی کا تو نہ کوئی نظریہ ہے، نہ اصول، ان کی ترجیع تو صرف ’ملاقات کیسے ہوگی‘ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیل طریقہ کار کے مطابق ملاقاتیوں کی فہرست بانی کو بھیجی جاتی ہے، وہ فیصلہ کرتے ہیں کہ وہ کس سے ملاقات کریں گے۔ یہ کوئی ایشو نہیں، ایک نہیں تو دوسرے دن ملاقات ہو ہی جاتی ہے۔

سینیٹرعرفان صدیقی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں مزید کہا کہ 6 نہروں کی تعمیر کے معاملے میں ٹائم لائن کو دیکھیں۔ 8 جولائی 2024 سے 14 مارچ 2025 تک پیپلز پارٹی کیوں خاموش رہی؟ اختر مینگل بالغ نظر سنجیدہ مزاج ان سیاستدانوں میں شامل ہیں جو سیاسی مکالمے پر یقین رکھتے ہیں۔