لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں آج 14 اپریل کو پنجابی کلچر ڈے منایا گیا، پنجاب کے تمام سرکاری محکموں میں افسران و ملازمین روایتی کلچر لباس زیب تن کیے۔
وزارت ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام کلچر ڈے منانے کا سلسلہ جاری ہے تاہم 17 اپریل کو کلچر ڈے کی مناسبت سے الحمرا لاہور میں منعقد ہونیوالی تقریب سے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف بھی خطاب کریں گی۔
پنجاب کے تمام آرٹس کونسلز میں کلچر ڈے کی مناسبت سے تقریبات جاری ہیں، پنجابی کلچر ڈے کے موقع پر پنجاب کے تمام سرکاری محکموں میں افسران و ملازمین روایتی کلچر لباس زیب تن کیے جبکہ تمام افسران نے روایتی پنجابی پگڑیاں پہنیں جبکہ پنجاب کے تمام سرکای سکولوں میں بھی کلچر ڈے بھرپور جوش جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ 17اپریل کو الحمراء لاہور میں ایک بڑے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا، کلچر ڈے کی مناسبت سے پروگرام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خطاب کریں گی، مریم نواز پنجابی کلچر سے بہت دلی وابستگی رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی پگ پنجابیوں کی آن بان اور شان ہے، پنجاب کا کلچر دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے، پنجابی کلچر کو پرموٹ کرنا اور اس کو نئی نسل تک پہنچانا پنجاب حکومت کا ویژن ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام آج اپنا ثقافتی دن بھر پور جوش و جزبے سے منا رہے ہیں، میں اہل پنجاب کو کلچر ڈے کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پنجاب کی ثقافت ہماری پہچان اور ہماری تاریخ کی عکا س ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پنجاب کے خوبصورت کلچر پر ناز ہے، ہمارا لباس، زبان، روایتی کھانے اور مہمان نوازی دنیا بھر میں مشہور ہے جبکہ پنجاب کی ثقافت نہ صرف ہمارے ماضی سے جڑی ہے بلکہ یہ ہماری ترقی اور اتحاد کی بنیاد بھی ہے، ثقافتی روایات کو ژندہ رکھنا اور نئی نسل کو ثقافتی ورثے سے آگاہی دینا ضروری ہے۔
چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ کلچر ڈے منانے کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے، محکمہ صنعت و تجارت کے زیر اہتمام عمارات کی تاریخی حیثیت کو بحال کیا گیا ہے، پنجاب کی ہینڈی کرافٹس دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں تاہم دستکاروں کے فن کی ترویج کیلئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
سی ٹی او لاہور
دوسری جانب پنجابی کلچر ڈے پر پنجاب پولیس ثقافتی رنگ میں ڈھل گئی، سی ٹی او لاھور نے پنجانی پگ پہن کر امور سر انجام دیئے، سی ٹی او لاھور ڈاکٹر اطہر وحید نے پنجابی پگڑی پہنی اور دفتری امور سرانجام دیئے۔
سی ٹی او لاھور کا کہنا تھا کہ پنجاب پانچ دریاؤں کی سر زمین ہے جس کے خوبصورت کلچر اور دلفریب روایات کا تحفظ اور پرچار ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، حکومتی سطح پر پنجابی کلچر ڈے کو منانا ایک احسن روایت ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد سرزمین پنجاب کی خوبصورت ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے آگے بڑھانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجابی کلچر کے فروغ میں پنجابی صوفی شعراء اور بزرگان دین نے اپنی تعلیمات سے پنجاب کے کلچر کو فروغ دیا ہے، ہمیں بھی انہی روایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی ثقافت، تہذیب و تمدن اور روایات کو آگے پھیلانا ہے۔
سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ زندہ قومیں اپنے کلچر کو نہ صرف زندہ رکھتی ہیں بلکہ اسکے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بناتی ہیں، زندہ دلی، بھائی چارہ، محبت، اعلی اخلاق، مہمان نوازی اور شجاعت پنجابی کلچر کے نمایاں اوصاف ہیں۔