کراچی: (دنیا نیوز) برف کے کارخانے میں گیس لیکیج سے دھماکہ ہونے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہوگئے۔
واقعہ لانڈھی مرتضٰی چورنگی کے قریب فاروقی قبرستان کے پاس واقع برف کے کارخانے میں پیش آیا، زور دار دھماکے سے کارخانے کی چھت گر گئی، حادثے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سے 2 افراد جناح ہسپتال منتقل کرتے ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر چار شدید زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تاحال تمام متاثرین کی شناخت نہیں ہو سکی، تاہم تمام افراد کی عمریں 30 سے 35 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں، ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ گیس لیکیج کے باعث پیش آیا جس کے باعث برف کارخانے میں موجود مزدور چھت گرنے سے ملبے تلے دب گئے تھے۔
حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی۔