لاہور: (دنیا نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کو یکجہتی فلسطین مارچ روکنے کا کوئی حق نہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں حکومتی ذمہ داران نے آج اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین مارچ کے حوالے سے گفتگو کی۔
اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوئی حق نہیں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی مارچ کو روکے، جماعت اسلامی کا فلسطین سے اظہار یکجہتی مارچ پر امن ہوگا، حکومت رکاوٹیں کھڑی کر کے پوری دنیا میں رسوا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین سے یکجہتی کیلئے کوئی نوگوایریا نہ بنایا جائے، کویت کا اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان پوری امت کی ترجمانی ہے۔
واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے ممکنہ غزہ مارچ کے پیشِ نظر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، ریڈ زون کے تمام داخلی و خارجی راستے کنٹینرز اور خاردار تاروں سے سیل کر دیئے گئے ہیں۔