راولپنڈی :(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 2 الگ الگ آپریشنز میں سرغنہ سمیت 6 خوارج جہنم واصل کردیئے گئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک اور جنوبی وزیرستان میں 20 اور 21 اپریل کو خوارج دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں 5 خوارج مارے گئے جبکہ جنوبی وزیرستان میں دوسری کارروائی کے دوران خوارج کا سرغنہ ذبیح اللہ عرف زاکران مارا گیا۔
خوارج کا سرغنہ سکیورٹی فورسز، معصوم شہریوں کیخلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا، آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ علاقے میں دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔