اسلام آباد:(دنیا نیوز) این ڈی ایم اے نے 22 تا 27 اپریل کے دوران ملک بھر میں ممکنہ گرمی کی لہر کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی۔
این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، بلوچستان اور سندھ کے صوبوں میں ہفتے کے دوران موسم خشک اور درجہ حرارت معمول سے کافی زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیرکے مختلف علاقوں اور خیبر پختونخواہ کے چند اضلاع بشمول ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، چارسدہ، چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، پشاور، صوابی، سوات اور وزیرستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش متوقع ہے۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے اپنے این ای او سی کے ذریعے صورت حال کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے، فوری رسپانس اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کے ساتھ ہمہ وقت رابطے میں ہے۔
علاوہ ازیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 22 تا 27 اپریل 2025 کے لیے ممکنہ موسمی صورتحال پر ایڈوائزری جاری کی۔