ججز ٹرانسفر کیس: وکیل درخواست گزار کو جواب الجواب دینے کیلئے مہلت مل گئی

Published On 22 April,2025 01:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ ججز ٹرانسفر کیس میں وکیل درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کرانے کیلئے مہلت دے دی۔

سپریم کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

جسٹس محمد علی مظہر نے درخواست گزار ججز کے وکیل منیر اے ملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین کے تحریری جوابات آچکے ہیں، کیا آپ ان پر جواب الجواب دینا چاہیں گے؟

سینئر وکیل منیر اے ملک نے جواب دیا کہ جی میں جواب الجواب تحریری طور پر دوں گا، جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا آپ کو کتنا وقت چاہیے ہوگا؟ وکیل نے جواب دیا کہ آئندہ جمعرات تک وقت دے دیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ججز ٹرانسفر کیس: رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کا جواب سپریم کورٹ میں جمع

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ اتنا وقت کیوں چاہیے بہت سے وکلا نے دلائل دینے ہیں، اس کیس کو اتنا لمبا نہ کریں، آئندہ سماعت سے کارروائی 9:30 بجے سے 11 بجے تک ہوگی، فوجی عدالتوں کا کیس 11:30 بجے معمول کے مطابق چلے گا۔

بعدازاں عدالت نے وکیل درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کرانے کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے حکمنامے میں کہا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ اور سیکرٹری جوڈیشل کمیشن نے تحریری جوابات جمع کرائے جبکہ وفاقی حکومت نے بذریعہ اٹارنی جنرل جواب جمع کرایا، رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ، رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ، رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ اور رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے بھی جوابات جمع کرائے۔

حکمنامے کے مطابق تمام جوابات کا جائزہ لے کر فریقین کی طرف سے تحریری جواب الجواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگا گیا۔