کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی نے کینالز منصوبے پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔
سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جب ہمیں اتنا دیوار سے لگائیں گے تو پھر دمادم مست قلندر ہو گا، سب جانتے ہیں پیپلزپارٹی کو مزاحمتی سیاست آتی ہے، آپ سندھ سے پانی چھینیں گے تو کیا ہم بات نہیں کریں گے؟
شیری رحمان نے کہا کہ پانی موجود ہی نہیں تو بتایا جائے نئی نہروں میں پانی کہاں سے دیا جائیگا، پانی کی سندھ سمیت ملک بھر میں قلت ہے، صدر نے کہا تھا کینالز پر کچھ صوبوں کو تشویش ہے، بلاول بھٹو نے کینالز معاملہ کو زندگی موت کا مسئلہ قرار دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بدین، ٹھٹھہ سجاول کے کسانوں سے پوچھ لیں وہاں کیا حالات ہیں؟ پنجاب میں کونسا پانی موجود ہے؟ ارسا کی غلط رپورٹ جمع کی گئی، پیپلزپارٹی پہلی جماعت ہے جس نے پانی کا مسئلہ اٹھایا، افسوس ہے حکومت نے بھی ہمیں سپورٹ نہیں کیا۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ کہتے ہیں آپ سیاست کررہے ہیں، ہم ملک پرست ہیں، پاکستان کھپے والی پارٹی ہیں۔