کراچی : (دنیا نیوز) کینالز کے معاملے پر سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاج اور دھرنے جاری رہے۔
خیرپور میں ببر لو بائی پاس میں وکلا کا چھٹے روز بھی دھرنا جاری رہا، سندھ اور پنجاب کے درمیان زمینی راستہ بند ہوگیا، متعدد مسافر اور مال بردار گاڑیاں پھنس گئیں، سانگھڑ میں وکلا نے تیسرے روز بھی عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔
منڈ جمڑاؤ اور پاور ہاؤس کے مقام پر دھرنا دیا گیا، پنجاب سے آنے والی ٹریفک بند ہونے کے باعث مسافر پریشان ہوگئے، نوڈیرو میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے، طلبہ نے ریلی نکالی، متنازعہ کینال پراجیکٹ کیخلاف نعرے بازی کی۔
کراچی میں نئی نہروں کی تعمیر کے خلاف وکلا سراپا احتجاج رہے، وکلا نے سندھ ہائیکورٹ میں کورٹ روم کے باہر نعرے بازی کی، وکلا نے کورٹ رومز سے سائلین کو بھی باہر نکال دیا۔
قائم مقام چیف جسٹس اور دیگر ججز نے عدالتی امور معطل کرنے سے انکار کردیا۔