ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار، بھارت کو منہ توڑ جواب دینگے: خواجہ آصف

Published On 26 April,2025 04:39 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، ہمیں کسی تیاری کی ضرورت نہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہاکہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے، بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی کا امکان ہے، ہمیں اس پر جواب دینا ہو گا اسی انداز اور زبان میں، بھارت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں جو کیا ہم بس اس کا جواب دے رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ انڈیا میں پاکستان کی جانب سے دراندازی ناممکن ہے، دونوں ملکوں کی سرحد پر لاکھوں فوجی کھڑے ہیں، سندھ طاس معاہدے سے متعلق سوال پر بولے یہ ایک کامیاب معاہدہ ہے، چاہتے ہیں یہ معاہدہ زندہ رہے۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس کیلئے ورلڈ بینک کے پاس جائیں گے، پانی کا حصول ہمارا حق ہے اور انڈیا نے اس کو معاہدے میں تسلیم کیا ہے۔