اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئی نہروں کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی آج ملاقات متوقع ہے
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات آج شام وزیراعظم ہاؤس میں متوقع ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ہمراہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں نہروں کے معاملے پر سندھ حکومت اپنا موقف وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے رکھے گی، آج کی ملاقات میں نئی نہروں کے معاملے پر اہم پیش رفت کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ کینال منصوبہ خواہ کسی نے بھی بنایا ہو، سندھ حکومت اسے منظور نہیں ہونے دے گی، وزیر اعظم کو بھی اس کے نتائج معلوم ہیں، ہم اس بات پر ناخوش ہیں کہ اب تک اس منصوبے کو ختم کیوں نہیں کیا گیا۔
دوسری طرف وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ جب نہروں کی منظوری ہی نہیں دی گئی تو اس پر اعتراض کیوں کیا جا رہا ہے؟ سندھ میں کچھ لوگوں ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔