اسحاق ڈار کے آذربائیجان، مصر اور ترکیہ کے ہم منصبوں سے ٹیلیفونک رابطے

Published On 26 April,2025 07:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آذربائیجان، مصر اور ترکیہ کے ہم منصبوں سے ٹیلیفونک رابطے کئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے بھارت کے بے بنیاد الزامات مسترد کئے اور کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف جھوٹی پروپیگنڈا مہم سے محتاط رہے، وزیر خارجہ نے جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے مؤقف کی مسلسل حمایت پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کا مصر کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی وابستگی کا اعادہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ترک وزیر خارجہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا، اسحاق ڈار نے ترکیہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔