سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ، بلاول بھٹو کا اندرون سندھ کا دورہ

Published On 26 April,2025 11:55 pm

سکھر:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ اندرون سندھ کے گاؤں تماچانی اور نچن پور آمد ہوئی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے سندھ پیپلزہاؤسنگ کے تحت بننے والے گھروں کا دورہ کیا، انہیں گاؤں تماچانی کی ہنرمند خواتین نے اپنے ہنر سے متعلق آگاہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنوں عاقل، روہڑی، صالح پٹ، نیو سکھر اور سکھر سٹی میں 80 ہزار سے زائد گھر تعمیر کئے جارہے ہیں۔

دوسری جانب مستریوں پر مشتمل گاؤں علی وہان کے کاریگروں نے بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے دوسروں کے گھر بناتے تھے، آج ہم نے اپنے خود کے گھر تعمیر کیے جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے گھروں کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے والی خواتین کو دستاویزات دکھائیں۔

خیال رہے وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے بنائے گئے دنیا کے سب سے بڑے مفت رہائشی منصوبے کے سلسلے میں گاؤں نچن پور اور تماچانی کے دورہ کررہے ہیں بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری اپنا دورہ مکمل کرکے سکھر سے کراچی روانہ ہو گئے۔