لندن: (دنیا نیوز) انتہا پسند ہندو آپے سے باہر ہوگئے، لندن میں پاکستان ہائی کمیشن پر بھارتی انتہا پسندوں نے حملہ کردیا۔
بھارتی انتہا پسندوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت کے شیشے توڑ دیے، انتہا پسندوں نے عمارت پر زعفرانی رنگ بھی پھینکا، حملے سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹے اور عمارت کو نقصان پہنچا، لندن پولیس نے ایک انتہا پسند کو گرفتار کرلیا۔
پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو روز قبل بھی بھارتی انتہا پسندوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کیا اور دھمکیاں دی تھیں، ہائی کمیشن پر حملہ ہمارے لئے قابل تشویش ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ہائی کمیشن کے عملے کی رہائش گاہوں کو بھی خطرہ ہے، ہائی کمیشن کو سکیورٹی فراہم کرنا برطانوی حکومت کی ذمہ داری ہے، برطانوی حکومت ذمہ داران کو پکڑ کر سخت سزا دے، ہم نے برطانوی دفتر خارجہ کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں، جس زبان میں بات ہوگی اسی زبان میں جواب دیا جائے گا۔