لاہور میں سائن بورڈز، تجاوزات کے خلاف درخواست پر دلائل طلب

Published On 29 April,2025 11:53 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بڑے سائن بورڈز اور تجاوزات کیخلاف درخواست پر فریقین سے دلائل طلب کر لئے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے شہری حیدر علی مرزا کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اندرونِ شہر تجاوزات کی بھرمار ہے، شہر کی تنگ گلیوں سے گزرنا مشکل ہوگیا ہے، شہر میں بڑے بڑے بے ہنگم سائن بورڈز جگہ جگہ لگائے گئے ہیں، آندھی میں سائن بورڈز گرنے سے جانی نقصان کا خدشہ ہے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سپریم کورٹ بھی بڑے بل بورڈز کے خلاف حکم جاری کر چکی ہے لہٰذا ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ عدالت بڑے بڑے سائن بورڈز ہٹانے کا حکم دے، عدالت اندرونِ شہر تجاوزات کے خاتمے کی ہدایات جاری کرے۔

بعدازاں عدالت نے فریقین سے دلائل طلب کرتے ہوئے  27 مئی تک سماعت ملتوی کر دی۔