بنوں: (دنیا نیوز) دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ پولیس لائن بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہداء کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس،آر پی او بنوں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے جنازے میں شرکت کی، شہید پولیس اہلکاروں کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ شہید پولیس جوان ہمارا فخر ہیں، جنہوں نے ملک و قوم کی سلامتی و بقا کی خاطر اپنی جان قربان کر دی، ہم ان جانبازوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔
آر پی او کا کہنا تھا کہ بنوں ریجن پولیس نے دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا، بنوں واقعے میں ملوث دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔