انڈین میڈیا نے جنگ کا ماحول بنا دیا، نیوز روم میں وار روم قائم: خورشید محمود قصوری

Published On 01 May,2025 07:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر خارجہ میاں خورشید محمود قصوری نے کہا کہ انڈین میڈیا نے تو جنگ کا ماحول بنا دیا ہے، نیوز روم میں وار روم تک بنا دیئے گئے ہیں۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید محمود قصوری نے کہا کہ انڈیا اتنا دہشتگردی کا شور مچا رہا ہے لیکن ثبوت تو ایک بھی نہیں دیا، ہمارے آئی ایس پی آر نے پاکستان میں انڈین دہشتگردی کے ثبوت دے دیئے ہیں۔

خورشید محمود قصوری نے کہا کہ جو کہتے تھے ٹیررازم کا گڑھ پاکستان ہے تو دنیا دیکھ لے گی اصل میں ہندوستان ٹیرارازم کا گڑھ ہے، انڈیا کی دہشتگردی دوسرے ممالک میں جا رہی ہے جیسے کینیڈا کی مثال سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دریاؤں اور سمندروں کے قانون لاکھوں سال پہلے جب ریاستیں بنیں تب سے بنے ہیں، جو قوانین بنے ہیں وہ نیچے جس جگہ پانی جانا ہوتا ہے ان کے حق کا تحفظ کرتے ہیں۔

خورشید محمود قصوری نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر تو دیہاتوں میں لوکل لوگ قتل کر دیتے ہیں تو ہم کیسے خاموش رہیں گے، پانی روکنے کے لیے 15 ، 20 سال چاہئے ہوتے ہیں، یہ کوئی نلکا تو نہیں کہ آپ بند کر دیں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ چائنا کا پاکستان کے ساتھ تعاون گزرتے وقت کے ساتھ بڑھا ہے، چائنا پاکستان کو سپورٹ کرے گا، اسی لیے ہندوستان کا غصہ آج کل چین اور ترکیہ پر زیادہ ہے۔

خورشید محمود قصوری نے کہا کہ انڈین میڈیا پر چائنا اور ترکی کے خلاف بہت مواد چلایا جا رہا ہے، چائنا کا بیان خود ہی بتا رہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی لیڈر شپ کو چاہئے کہ ہوش کے ناخن لے، انڈیا میں غربت پاکستان سے بھی زیادہ ہے، انڈیا کو چاہئے اپنے ملک میں غر بت مٹانے کے لیے اقدامات کرے۔