مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں وکشمیر میں موسلادھار بارشوں اور آندھی نے تباہی مچا دی۔
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 16 اپریل سے اب تک نقصانات کی تفصیل جاری کر دی، جس کے مطابق گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے سے سدھنوتی میں شہری جاں بحق ہوا۔
ایس ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے میرپور میں ایک شہری زخمی بھی ہوا ہے، ضلع پونچھ میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک گھر مکمل تباہ ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق 16 اپریل سے اب تک مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 3 اور 4 زخمی ہوئے، اب تک 4 گھر مکمل جبکہ 68 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق بارشوں اور آندھی سے 9 دکانیں ، 2 سکول اور مویشی باڑوں کا بھی نقصان ہوا ہے۔