پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنے والے ’فتح‘ میزائل کا کامیاب تجربہ

Published On 05 May,2025 12:36 pm

اسلام آباد : (دنیا نیوز) پاکستان نے 120 کلومیٹر تک مار کرنے والے فتح میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ میزائل زمین سے زمین پر 120 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 میزائل کا تجربہ انڈس مشقوں کے دوران کیا گیا، تجربے کا مقصد فوجی تیاری اور تکنیکی صلاحیت کی جانچ ہے، تجربے کے ذریعے میزائل کے جدید نیوی گیشن سسٹم اور بہتر درستی سمیت اہم تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کی گئی۔

تربیتی تجربہ کا پاکستان آرمی کے سینئر افسران کے علاوہ پاکستان کی سٹریٹجک تنظیموں کے افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے مشاہدہ کیا۔

دوسری جانب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف نے حصہ لینے والے فوجیوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو کامیاب تجربہ پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کیلئے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے، پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے فتح میزائل کے کامیاب تجربہ پر سائنسدانوں، انجینئروں اور قوم کو مبارکباد دی۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے سیکورٹی فورسز، سائنسدانوں اور انجینئروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ملکی سلامتی اور دفاع یقینی بنانے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی فتح میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں۔ انجینئروں اور عسکری قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سٹرٹیجک اداروں اور سکیورٹی فورسز کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔