اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سمیت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ کی مذمت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ضلع کچھی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بھارتی پراکسی و نام نہاد بلوچ لبریشن آرمی کے دہشت گردوں کا حملہ قابل مذمت ہے، حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا کی، انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ملک کی حفاظت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی قابل مذمت ہے: محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مچھ میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید پاک فوج کے 7 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی انتہائی قابل مذمت ہے، وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید جوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے، شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی، شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، شہداء قوم کے ہیرو ہیں، شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔
مریم نواز کا شہدا کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان میں دھماکے کے نتیجے میں شہید 7 سکیورٹی اہلکاروں کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔
نام نہاد بی ایل اے بھارتی ایما پر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے: وزیر اعلیٰ بلوچستان
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مچھ کے قریب سکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد بی ایل اے بھارتی ایما پر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچائیں گے، بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے، بزدلانہ حملہ قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ امن کے دشمنوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کی جائے گی، قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، پوری ریاست سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔