بھارت نے 6 مقامات پر 24 حملے کئے، منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

Published On 07 May,2025 04:36 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے میں 8 پاکستانی شہید جبکہ 35 زخمی ہوئے۔

ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز( ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رات بزدل بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت کی، پاکستان میں 6 مقامات پر بھارت کی جانب سے 24 حملے کئے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ احمد پور شرقیہ میں 5 بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے جس میں معصوم بچہ بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا منہ توڑ جواب، بھارت کے 5 طیارے مار گرائے، بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا

انہوں نے بتایا کہ مظفرآباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک بچی زخمی ہوئی، مسجد کو نقصان پہنچا جبکہ کوٹلی مٰیں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا اور مریدکے میں بھی مسجد کو نشانہ بنایاگیا جس میں ایک شہری شہید اور ایک شخص زخمی ہوا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں کوٹلی لوہاراں گاؤں میں ایک گولہ گرا، شکر گڑھ میں بھی ایک ڈسپنسری کو نقصان ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن کے بلاجواز حملے کا پاکسانی فوج بھر پور جواب دے رہی ہے، آج دن میں تمام میڈیا کو ان مقامات پر لے جایا جائے گا تاکہ بھارت کی ننگی جارحیت کو ساری دنیا دیکھے۔