راولپنڈی: (دنیا نیوز) افواج پاکستان نے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مار گرائے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ افواج پاکستان نے اب تک 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مارگرائے ہیں، افواج پاکستان نے سافٹ اور ہارڈ کل کی بدولت ڈرونز مار گرائے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کے 7،6 مئی کے بزدلانہ حملے میں 5 جدید طیاروں، ڈرونز اور متعدد پوسٹوں کو تباہ کیا گیا، بھارت بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پنجاب اور سندھ میں بھارت کے بھیجے گئے متعدد اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو گرا دیا گیا
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت کو بھاری نقصان ہوا اور مزید بھی اٹھا رہا ہے، پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے اور افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب اور اسکے تمام عزائم خاک میں ملا رہی ہیں۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ بھارت نے سات اور آٹھ مئی کی درمیانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی جس پر بھارت کے 12 ڈرونز مار گرائے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور اور کراچی میں ڈرون حملے کیے گئے، سندھ کےعلاقے میانو میں ڈرون حملے میں ایک شخص شہید اور ایک زخمی ہوا جبکہ لاہور میں والٹن کے علاقے میں ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے اور فوجی تنصیبات کو معمولی نقصان پہنچا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے ڈرون بھیجنا کھلی جارحیت ہے، بھارت مساجد اور شہریوں پر حملوں کا مرتکب ہوا ہے، جیسے جیسے صورت حال آگے بڑھتی رہے گی آپ کو میں اس حوالے سے آگاہ کرتا رہوں گا۔
مزید پڑھیں: لاہور: والٹن، برکی روڈ اور ڈیفنس میں شدید فائرنگ، دھماکوں کی آوازیں، سائرن بج گئے
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ ہندوستان کی رات کے وقت جارحیت انتہائی سنگین ہے لیکن ہم ہر قسم کی جارحیت اور جنونیت سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، ہم جنونیت دکھانے والوں کو سبق سکھانے کا عزم اور پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ اقوام عالم دیکھ رہے ہیں ہندوستان خطے سمیت پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے، لگتا ہے ہندوستان عقل و فہم کے تمام راستے کھونے کے قریب ہے، ہندوستان کو پہلے بھی ہزیمت اٹھانا پڑی جس میں اس کے 5 طیارے مار گرائے گئے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ ایل او سی پر بھی بھارت کو بھاری جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا، بھارت کی جانب سے ڈرون بھیجنے کا عمل جاری ہے، افواج پاکستان بھارتی ڈرونز کو ایک ایک کر کے ناکارہ بنا رہی ہیں۔