گوادر: (دنیا نیوز) محکمہ پی ایچ ای گوادر میں سال 2018ء سے 2021ء کے دوران 1 ارب روپے سے زائد کی مالی بے بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گوادر میں محکمہ پی ایچ ای میں اخراجات کے برعکس بقایاجات کی رقم 59کروڑ 18لاکھ روپے سے زائد رہی، پی ایچ ای نے 3سالوں کے دوران گاڑیوں کے ایندھن اور تیل کی مد سمیت بغیر ٹینڈر کال کئے 49کروڑ 23لاکھ روپے سے زائد کے بے قائدہ اخراجات کئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ٹیکس کی مد میں 2کروڑ 30لاکھ روپے کی رقم کی کٹوتی نہیں کی گئی، محکمے نے خشک سالی کے دوران 3کروڑ 84لاکھ روپے سے زائد کے مشکوک اخراجات کئے، رپورٹ میں ذمہ دارافسران کے خلاف تحقیقات کرنے اور ٹیکس سمیت دیگر کٹوتیوں کی وضاحت کی سفارش کی گئی۔
رپورٹ میں خشک سالی میں واٹر سپلائی سکیم کے اخراجات کا جواز پیش کرنے سمیت متعلقہ ریکارڈ آڈٹ کو پیش کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔