عازمین کی روانگی کیلئے حج پروازوں کے دوسرے مرحلے کاآغاز

Published On 14 May,2025 06:01 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان سے جدہ کے لیے حج پروازوں کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج ہو گیا۔

ذرائع کے مظابق جدہ ایئرپورٹ سے عازمین مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے، آج شام تک دو پروازوں کے ذریعہ 633 پاکستانی عازمین کو سعودیہ پہنچایا جائے گا۔

خیال رہے پی آئی اے کی دوسرے مرحلے کی پہلی پرواز پی کے741، 305 عازمین کولے کر جدہ پہنچ گئی، دوسری پرواز پی کے759 بھی آج 328 عازمین کے ساتھ جدہ پہنچ جائے گی ۔

ذرائع نے بتایا پاکستان سے کل منگل کو 13 حج پروازوں کے ذریعے 2399 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے، اب تک 145 حج پروازوں کے ذریعے 31044 پاکستانی عازمین مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔

اسی طرح اسلام آباد سے 45 پروازوں کے ذریعہ 9 ہزار 472 عازمین سعودی عرب پہنچے، کراچی سے 31 پروازوں سے 6 ہزار 156 اور لاہور سے 39 پروازوں سے 9 ہزار 314 ، ملتان سے 16 پروازوں کی ذریعے 3726 اور کوئٹہ سے 14 پروازوں سے 2376 عازمین حجاز مقدس پہنچے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی 15 دنوں میں عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا گیا، یہ پروازیں قومی، نجی اور ایک سعودی فضائی کمپنی کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں، پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز 29 اپریل کو ہوا تھا، عازمین کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا۔

پاکستانی عازمین کو حج پر لے جانے کا آپریشن 33 روز میں مکمل ہوگا، اس دوران سرکاری سکیم کے 89 ہزار عازمین کو 342 پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ پہنچایا جائےگا، نجی سکیم کے تحت 23،620 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔