لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر حصوں میں آج سے درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق آج سے 20 مئی تک پنجاب میں درجہ حرارت بڑھنے کا خدشہ ہے جس کے باعث میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کے امکانات ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ20 مئی تک درجہ حرارت 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ 19 مئی کی شام سے پنجاب میں داخل ہونے کی توقع ہے، 19 سے 20 مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا بھی امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں، انتظامیہ سمیت متعلقہ محکموں کو متوقع ہیٹ و یو کے پیش نظر الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سندھ، بلوچستان، بالائی پنجاب، کے پی، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت 5 سے7 ڈگری زیادہ رہے گا، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے برف پگھلنے کی رفتار تیز ہونے کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شدید گرمی کے باعث بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔