وادی نیلم : (دنیا نیوز) وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جس قوم میں شہادت پانے کا جذبہ موجود ہو اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، انڈیا کو بلا جواز مسلط کی گئی جنگ میں ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ ایل او سی زیرو پوائنٹ بگنہ پہنچ گئے، لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والے علی احمد بٹ کے ورثاء سے اظہار تعزیت، فاتحہ خوانی کی اور شہید کے والد کو فیڈرل گورنمنٹ کی طرف سے ایک کروڑ کا امدادی چیک دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ نے کہا کہ انڈیا نے دوبارہ غلطی کی تو اس سے بڑھ کر جواب ملے گا، ہمیں اپنی مسلح افواج اور حکومت پر پورا اعتماد ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان نے موثر سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا ہے، بھارت نے بلا جواز سویلین آبادی کو ٹارگٹ کر کے بے گناہ شہریوں کو شہید کیا۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے عوام نے بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آپ کے حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں حکومت پاکستان، افواج پاکستان آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر افواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔