لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بھارت نیوکلیئر بلیک میلنگ کا جھوٹا بیانیہ بنا رہا ہے، کسی مرحلے پر بھی پاکستان کی طرف سے بلیک میلنگ نہیں کی گئی۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بھارت کا وتیرہ ہے ہمیشہ جھوٹ بولو، پاکستان نے اپنا موثر دفاع کیا ہے، ہم نے بھارت کے کسی شہری علاقے کو نشانہ نہیں بنایا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بھارت نے جنگ ہمارے اوپر مسلط کی تھی، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، بھارت جب بھی حملہ آور ہوگا ہمارا جواب اس سے بھی سخت ہوگا، سیزفائر کا مطالبہ بھارت کی طرف سے تھا۔
انہوں نے کہا کہ نریندرمودی کی باتیں اس کی ساکھ کو مزید خراب کر رہی ہیں، نریندر مودی کو بھارت میں گالیاں پڑ رہی ہیں، نریندر مودی کو شرمندگی کا سامنا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نریندرمودی گھٹیا آدمی ہے، اس کی سوچ نے بھارت کو تباہ کر دیا، مودی آر ایس ایس کا بیانیہ لے کر چل رہا ہے، پاکستان دو جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ کو بےہودگی قرار دے رہا ہے۔