خیبرپختونخوا حکومت کا 68 ارب 71 کروڑ روپے واجبات کیلئے وفاق کو خط

Published On 20 May,2025 09:52 am

پشاور: (ذیشان کاکا خیل) خیبرپختونخوا حکومت نے 68 ارب 71 کروڑ روپے کے واجبات کی ادائیگی کیلئے وفاق کو خط لکھ دیا۔

دنیا نیوز نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے چیئرمین واپڈا کو لکھا گیا خط حاصل کر لیا، صوبائی حکومت کے وفاق کے ذمہ 68 ارب 71 کروڑ روپے کے واجبات ہیں۔

خط کے متن کے مطابق وفاق کے ذمہ گزشتہ سال کے37 ارب روپے کے واجبات میں سے 28 ملین موصول ہو چکے ہیں، گزشتہ سال کے واجبات میں اب بھی 8 ارب 56 کروڑ روپے باقی ہیں۔

ہائیڈل پرافٹ کی مد میں جولائی 2024 سےاپریل 2025 تک 27 ارب روپے واجب الادا ہیں، این ایچ پی کےسالانہ 5 فیصد اضافہ کےواجبات بھی ادا نہیں کئے گئے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ سال 2016سے2023ء تک این ایچ پی پرسالانہ 5 فیصد اضافہ کے 41 ارب 14 کروڑ روپے وفاق نے ادا کرنےہیں۔