پاکستان اور بھارت کا افواج کو مرحلہ وار معمول کی پوزیشن پر لے جانے پر اتفاق

Published On 20 May,2025 01:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان حالیہ رابطے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان گزشتہ روز رابطہ ہوا جس میں دونوں ممالک نے افواج کو مرحلہ وار معمول کی پوزیشن پر لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کشیدگی میں کمی یقینی بنانے کیلئے دونوں ملک افواج کو زمانہ امن کی پوزیشن پر لے کر جائیں گے، افواج کی نارمل پوزیشن پر واپسی کئی مراحل میں ہوگی، دونوں ممالک نے تمام فوجیں 30 مئی تک نارمل پوزیشن پر واپس لانے پر اتفاق کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن کے ذریعے رابطہ ہوا تھا جو دونوں ممالک کے درمیان سیزفائر کے بعد تیسرا رابطہ تھا۔